محسن جماعت ،پونہ کی معروف شخصیت الحاج عبدالشکور چودھری کو صدمہ عبدالباری شفیق

محسن جماعت ،پونہ کی معروف شخصیت الحاج عبدالشکور چودھری کو صدمہ 


عبدالباری شفیق 


جماعت وجمعیت میں یہ خبر نہایت ہی دکھ کے ساتھ سنی اور پڑھی جائے گی کہ صوبہ مہاراشٹر کے شہر پونہ کی ایک اہم ومعروف شخصیت ،جماعت اہلحدیث کے کئی تعلیمی وتربیتی اداروںکے روح رواں ،جماعت کےمخیر، محسن وبہی خواں عالی جناب الحاج عبدالشکور چودھر ی صاحب؍ حفظہ اللہ کی والدہ محترمہ تقریبا ۷۵؍سال کی عمر میں یکم جنوری ۲۰۱۹؁ء بروز منگل بعد نماز مغرب تقریبا ساڑھے چھ بجے اللہ کو پیاری ہوگئیں ۔ (انا للہ وانا الیہ راجعون )
  موصوفہ صوم وصلاۃ کی پابند ایک دین دار وتقویٰ شعار خاتون تھیں ،غریبوں ،محتاجوں ،بیوائوں اور یتیموں کا خاص خیال رکھتی تھیں ۔ مرحومہ کئی دنوں سے صاحب فراش اور مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلاء تھیں ۔
اللہ نے آپ کوتین لڑکے اور تین لڑکیوں سے نوازا تھا ۔ لڑکوں میں سب سے بڑے صاحبزادے محسن جماعت الحاج عبدالشکور صاحب ہیں اس کے بعد عالی جناب ذکر اللہ سیٹھ اور عالی جناب حبیب اللہ سیٹھ صاحبان یکے بعد دیگرے ہیں ۔ اور اسی طرح موصوفہ جمیعت وجماعت کے خیرخواہ فضیلۃ الشیخ سعید احمد سلفی (پونہ ) حفظہ اللہ کی سگی خالہ تھیں ۔   
آپ کی تدفین ۲؍جنوری ۲۰۱۹؁ء بروز بدھوار بوقت صبح ساڑھے ۱۱؍بجے موشی روڈ اہلحدیث قبرستان کدل واڑی میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میںہوئی ۔ آپ کی نماز جنازہ آپ کےسگے بھتیجےفضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالحمید مدنی ( بحرینی ) نے پڑھائی۔ جنازہ میں قرب وجوارکے علماء وعوام الناس کے علاوہ ممبئی ودرودراز علاقے کے افراد نے شرکت کی ۔ موصوفہ کی تجہیز وتدفین میں شرکت اورعالیجناب الحاج عبدالشکور صاحب اور ان کے اہل خانہ کی تعزیت کی خاطر جامعہ اسلامیہ نورباغ ،کوسہ ممبراکے مدیر فضیلۃ الدکتور عبدالحکیم عبدالسلام مدنی ؍حفظہ اللہ کی معیت میں جامعہ کے ایک وفد نے شرکت کی اور موصوفہ کو دعائوں سے نوازا ۔
اللہ سے دعاہے کہ مولی کریم مرحومہ کی بال بال مغفرت فرمائے ،آپ کی بشری لغزشوں کو درگذر فرمائے ،حسنات کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے جنت الفردوس سے نوازے ،نیز اہل خانہ کو صبر جمیل کی توفیق بخشے ۔ آمین!

Comments